کورونا وائرس عالمی صحت کے لیے ہنگامی صورتحال نہیں رہا، عالمی ادارہ صحت


نیویارک(صباح نیوز)عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او )نے اعلان کیا ہے کہ کووڈ- 19 اب بین الاقوامی تشویش کی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی نہیں رہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے نے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس ایڈہانوم گیبریسس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایمرجنسی، ہنگامی کمیٹی کے مشورے کی بنیاد پر ختم کی گئی ہے۔ تیدروس ایڈہانوم گیبریسس نے مزید کہا کہ کووڈ- 19اب بھی خطرہ ضرور ہے، کیونکہ اس وائرس نے گزشتہ ہفتے ہر تین منٹ میں ایک انسانی جان لی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے وائرس میں نئی تبدیلیوں اور متاثرین میں اضافے کے امکانات کا بھی حوالہ دیا۔ڈبلیو ایچ او نے جنوری 2020 میں کووڈ- 19سے متعلق اپنی بلند ترین سطح کا انتباہ جاری کیا تھا۔

واضح رہے کہ اب تک دنیا بھر میں اس وائرس کے 70کروڑ سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے اور 70لاکھ کے قریب لوگ مر چکے ہیں۔