جماعت اسلامی عام آدمی کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے، امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عام آدمی کی فلاح وبہبود کے لیے اسے اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔ جماعت اسلامی اقتدار میں ہو یا نہ ہوخدمت خلق کرنا اس کا طرہ امتیاز رہا ہے،

دفتر انجمن تاجران منصورہ بازار میں جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے تاجرو ں میں بلاسود قرضے دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں نے سرمایہ داروں ، بزنس مینوں ، وڈیروں جاگیرداروں ، شوگر ، آٹا ملز مالکان کو قرضے دیے لیکن عام آدمی کو یہ سہولت نہیں دی گئی، پھر اسی سرمایہ دار اشرافیہ نے قرضے ہڑپ کیے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک دیوالیہ ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے،

امیر العظیم نے کہا کہ ووٹ کو عزت دوکا بیانیہ سنانے والی جماعتوں کو چاہیے پہلے عام آدمی کو عزت دینے کا عہد کریں ۔امیر العظیم نے کہا آڈیٹرجنرل پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا کے لیے غیر ملکی امداد میں اربوں روپے کے گھپلے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ میں بھی کروڑوں نہیں اربوں روپے کے گھپلوں کی آڈٹ رپوٹ آئی ہے۔ناگزیر ہے کہ غیر جانبدارانہ احتساب کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وبا نے چھوٹے تاجروں کی کمرتوڑ کر رکھ دی لیکن حکومت نے ان چھوٹے تاجروں کی بہتری کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔تقریب میں تاجروں میں 25لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ امیر جماعت اسلامی غربی عبدالعزیز عابد، الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر انجینئر حماد رشید، پی پی 161کے گروپ لیڈر چوہدری عبدالقیوم گجر، صدر انجمن تاجران منصورہ بازار محمد حنیف، سرپرست اعلی میاں حمید اللہ، گروپ لیڈر این سی151 صہیب شریف بھی اس موقع پرموجود تھے ۔