لاہور (صباح نیوز) امیر تحریک لبیک پا کستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی کا اجلا س خوش آئند ہے، افغانستان کی صورتحال پر انسانی ہمدردی کے اقدامات قابل ستائش ہیں ،غیر مستحکم اور دیوالیہ افغانستان دنیا کے لیے اچھا ثابت نہیں ہو گا،افغانستان میں انسانی تباہی کا خطرہ ٹالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی سخت ضرورت ہے ،افغانستان کی صورتحال انتہائی نازک اور مسائل سے دوچار ہے، دنیا مضبوط افغانستان کے لیے بہتر ین اقدامات کرے ،
امیر ٹی ایل پی کے کا کہنا تھا کہ دنیا کو افغانستان کے معصوم بچوں ،خواتین اور بزرگوں کی حالت پر رحم کیوں نہیں آتا جہاں خوراک و ادویات کی قلت روز بروز بگڑ رہی ہے، عالمی برادری افغان طالبان کا موقف سنے اور حقیقت تسلیم کرے،عالمی برادری انسانی حقوق کا احترام کر تے ہوئے افغانستان کے منجمد اثاثے فوری طور پر بحال کروانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ افغانستان کو انسانی اور مالی بحران سے بچایا جا سکے،مضبوط افغانستان خطے او ر مغرب دونوں کے لیے بہتر ہوگا ،
سعد حسین رضوی نے کہا کہ اچھا ہوتا وزیر اعظم اپنی تقریرمیں خطے کے پا ئیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور قوم کی بیٹی عا فیہ صدیقی کا بھی ذکر کر تے، کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کاسلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ، کشمیر میں ہو نے والے ظلم و ستم کی دا ستانیں کب سے دنیا کے سامنے ہیں لیکن اقوام متحدہ سمیت تمام مسلمان ممالک کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عا فیہ پا کستان کی شہری اور پا کستان کی بیٹی ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی قید میں گزرنے والے ہر لمحے سے پا کستان کے گرین پا سپورٹ کی تذلیل ہو رہی ہے ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کروانا پا کستانی حکومت اور قوم کے لیے امتحان ہے،
سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ملت اسلامیہ کو ایک لڑی میں پر ونے کے لیے فکر اقبال سے بڑی کو ئی قوت نہیں ہو سکتی ،پا کستان ملت اسلامیہ کا مورچہ ہے،اہل کشمیر کا نظریا تی تشخص انتہائی اہمیت رکھتا ہے ،جہد مسلسل ہر محاذ پر ضروری ہے اسلامی دنیا نے صحیح طرح سے مغرب کی جانب سے ابھر نے والے اسلامو فوبیا تاثر کو ختم کر نے میں حقیقی بنیادوںپر کا م کیا ہو تا تو آج یہ نو بت نہ آتی ۔