پارٹیاں بدلنے والے اقتدار کے پجاری عوام کے دشمن ہیں ،لیاقت بلوچ


 راولپنڈی(صباح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ہرالیکشن میں پارٹیاں بدل کرلوٹ مارکرنے والے اقتدارکے پجاری عوام کے دشمن ،غریب کااستحصال کرنے والے اقتدارکے ایوانوں پرقابض ہیں ،تمام پارٹیوں کوآزمایاجاچکا ملک میں سیاسی خلا ہے ذمہ داران وکارکنان کے لیے بہت زیادہ مواقع ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کوعوامی قوت بنانے میں اپنا موثرکرداراداکریں۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ صوبائی لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیدوقاص انجم جعفری ، امیر صوبہ ڈاکٹرطارق سلیم ،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ محمدضیغم مغیرہ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیدعتیق الرحمن ،مرکزی ڈائریکٹرسوشل میڈیا شمس الدین امجد،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان نے بھی اظہارخیال کیا۔

اختتامی سیشن میں نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمد،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،چوہدری عمران انور، صوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا،امرائے اضلاع ،زونزوتحصیل سمیت مقامی امراء شریک ہوئے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ الیکشن پرعوام کااعتماد متزلزل کرنے والی نادید ہ قوتیں کسی طوربھی ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ،تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے نظام کوشفاف بنانے کی بجائے متنازعہ بنارہی ہے جس سے مسائل میں اضافہ ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ افغانستان میں اسلام پسندوں کی فتح پاکستان پرقابض سیکولرلابی کوہضم نہیں ہورہی یہی وجہ ہے کہ وہ افغان قوم کے ہاتھوں ذلیل ہونے والے امریکہ اورنیٹوکے پلڑے میں اپنا وزن ڈال کرخطے میں نئے خطرات پیداکررہے ہیں ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ہرگلی محلے میں عوام مسائل کا شکارہیں ذمہ داران آگے بڑھ کران مسائل کوحل کریں عوام کوظالموں کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑ سکتے ،صوبے بھرمیں پوری قوت کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے ،قومی وصوبائی سطح پر بھی امیدواران کوفائنل کررہے ہیں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے ۔