لاہور( صباح نیوز ) الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف مینجمنٹ کا اجلاس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ جس میں گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی اور آئیندہ چھ ماہ کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد زاہد لطیف نے کی۔ جبکہ ملک بھر سے دیگر ذمہ داران اور نیشنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں خدمات بارے رپورٹس پیش کی گئیں۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھرمیں عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہ سب کام لوگوں کی فلاح و بہبود اور اللہ کی رضا کے لیے کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر زاہد لطیف نے بتایا کہ الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں 45 ہسپتال،69میڈیکل سنٹرز،110لیبارٹریز اینڈ کلیکشن سنٹرز،46فارمیسیز اور 305ایمبولینسز خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اداروں میں پلاننگ اور مینجمنٹ کو مزید بہتر کرسکیں جسکے لیئے ہماری پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔