سینیٹ الیکشن میں چینی،آٹا،سگریٹ مافیاز حاوی ہیں،سینیٹر مشتاق خان


پشاور : امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تمام اداروں کو تباہ کردیا ہے،مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ،تمام معاشی ادارے سامراجی قوتوں کے ہاتھوں میں چلے گئے ہیں،عوام کو وباؤں کے حوالے کردیا گیا ہے، حکومت سیاسی کورونا ہے، غریبوں  نہیں اشرافیہ کی حکومت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا روزانہ خرچہ چار کروڑ روپے ہے لیکن حکومت آرڈیننس پر چل رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار صرف ایک آدمی کی ملازمت کے لئے صدارتی آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرک پاس اکبر ایوب کو قانون کی وزارت دے دی گئی ہے۔ شیخ رشید کا سرکاری ملازمین پر ایکسپائرڈ آنسو گیس کے شیل استعمال کرنے کے حوالے سے بیان شرمناک اور توہین آمیز ہے۔سینٹ الیکشن میں چینی،آٹا،سیگریٹ مافیا غالب ہیں۔پی ٹی آئی نے ایسے امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیئے ہیں جن کے نام پانامہ پیپرز میں شامل ہیں۔ سینیٹ الیکشن سے پہلے اے ٹی ایم مشین فعال ہوچکے ہیں۔عبدالحفیظ شیخ کب سے پی ٹی آئی کے ممبر بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو سیکنڈل کی تحقیقات عدلیہ سے کرانی ہوںگی۔حکومت نے تمام اداروں کو تباہی کے دھانے تک پہنچایا ہے۔پرویز خٹک اوراسدقیصر کو ویڈیوسکینڈل کے عدالتی کمیشن کی تحقیقات میں شامل کیا جائے۔ان لوگوں نے سیاست کو گندا کردیا ہے۔ویڈیوسیکنڈل کی تحقیقات بہت ضروری ہیں۔جماعت اسلامی نے اپنے چار امیدوار سینیٹ کے انتخاب کے لئے میدان میں اتارے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ہمارے تمام امیدواروں کی کاغذات کلیئر قرار دیئے ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں مذاکرات اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے ہمارے دروازے اپوزیشن جماعتوں کے لئے کھلے ہیں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد کی بات کرتی ہے لیکن عافیہ صدیقی کا نام تک نہیں لیتی۔عافیہ صدیقی کی رہائی میں موجودہ حکومت سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔لاپتہ افراد کا ہونا ریاستی دہشت گردی ہے۔لوگوں کو اغواء کیا جاتا ہے پھر مار دیا جاتا ہے۔ریاستیں ایسے نہیں چلتیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گرانے کے لئے احتجاج پی ڈی ایم کا حق ہے لیکن جماعت اسلامی پی ڈی ایم کا حصہ بننے کے بجائے اپنے پلیٹ فارم سے حکومت کے خلاف احتجاج جارے رکھے گی۔ ہم اپنے جھنڈے، منشور اور قیادت کے ساتھ احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے سرکاری ملازمین سمیت ہر طبقہ متاثر ہوا ہے۔ جس حساب سے مہنگائی بڑھی ہے اس حساب سے تنخواہیں نہیں بڑھائی گئیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے شفاف انتخابات جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے۔ امیدواروں کی خریدو فروخت کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔