راولپنڈی(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ اتحادی سیاست کے دروازے بندکردئیے بلدیاتی اورقومی انتخابات میں ترازو کی کامیابی کے ذریعے قوم کے مسائل حل ہوں گے ،جماعت اسلامی کو مضبوط پارلیمانی قوت بناکربتدریج اقتدارکی سیڑھیاں عبور کرنے میں ہرسطح کے ذمہ داران وکارکنان اپنا موثرکرداراداکریں ۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے زیراہتمام منصورہ آڈیٹوریم میں منعقدہ تین روزہ صوبائی لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔مرکزی سابق نائب امیرحافظ محمدادریس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہراقبال حسن ، مرکزی ناظم شعبہ انتخابات وقارندیم وڑائچ،انجینئراخلاق احمد،صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیراحمدگوندل،رسل خان بابر،اویس اسلم مرزانے بھی اظہارخیال کیا ۔
اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹرطارق سلیم ،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان، نائب امرائے صوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی، حافظ تنویراحمد، محمدضیغم مغیرہ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریزجنرل ،سیدعتیق الرحمن، چوہدری عمران انور، مرکزی ناظم شعبہ تربیت حافظ سیف الرحمن، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت صوبے بھرسے ذمہ داران شریک ہیں۔
امیرالعظیم نے کہاکہ اللہ نے امت محمدیہ ۖکوقیادت کا منصب دیا ہے ،قرآن وسنت سے جتنا قرب اوران کے احکامات پرعمل ہوگا امہ مضبوط اورتواناہوگی ،قرآن وسنت سے دوری کے باعث رسوائی مقدربنی ہے ۔
اظہراقبال حسن نے کہاکہ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیارکرنے والے ا فرادکے ذریعے فوری بلاک کوڈ یونٹ قائم کرکے مقامی تنظیم کی جانب تیزترین سفر،نظام مصطفے ۖکے قیام کی منزل کوقریب ترکردے گا ،ممبرسازی سے ایک قدم آگے بڑھ کریونٹ سازی پرتوجہ دینی ہوگی۔