سندھ ہائیکورٹ کی حسان نیازی کے والد کوفوری نوعیت کی درخواست معمول کے مطابق دائر کرنے کی ہدایت


کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا نے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کوفوری نوعیت کی درخواست معمول کے مطابق دفتر میں دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے مقدمہ ختم کرنے سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کر دی۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا نے فوری نوعیت کی درخواست معمول کے مطابق دفتر میں دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے کہا ہے کہ فوری سماعت کی درخواست کی سماعت آج (جمعرات کو)ہو گی، ہم پر کام کا کافی بوجھ ہے۔ حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ حسان نیازی کے خلاف مقدمہ ختم کیا جائے اور سندھ پولیس سے مقدمات کی تفصیل طلب کی جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت موجود ہے کہ ایک واقعے کی زائد ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی پولیس گزشتہ روز حسان نیازی کو تھانہ جمشید کوارٹر میں درج مقدمے کے سلسلے میں لاہور سے گرفتار کر کے کراچی لائی تھی۔