الیکشن کمیشن نے  خیبر پختون خوا، بلوچستان اور اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات منسوخ کر دیے


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا، بلوچستان اور اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات منسوخ کردیے۔ الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا، بلوچستان اور اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات منسوخ کرنے کا  نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کے تحت خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے 24 حلقوں اور اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات منسوخ کیے گئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسی طرح بلوچستان کی قومی اسمبلی کی ایک نشست اور سندھ کے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات منسوخ کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قومی اسمبلی کے 24 حلقوں میں ضمنی انتخابات منسوخ کردیئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 27 جنوری اور 3 فروری کے اپنے شیڈول کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے تاحکم ثانی یہ ضمنی انتخابات منسوخ کئے،جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی ہوئے ان میں این اے 2 ،این اے 3,این اے 4 سوات،این اے 5،این اے6 ،این اے 7 دیر،این اے 8 مالاکنڈ،این اے 9 بونیر،این اے 16 ایبٹ آباد ،این اے 17 ہری پور،این اے 18،این اے 19صوابی،این اے 20 مردان،این اے 25،26 نوشہرہ،این اے 28،این اے 30 پشاور،این اے32 کوہاٹہ این اے 34 کرک،این اے 38 ڈی آئی خان، ایناے 40 باجوڑ،این اے 42 مہمند،این اے 43 اور 44 خیبر شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں ضمنی انتخابات منسوخ کیے گئے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات 16 اور 19 مارچ کو کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔