عمران خان وزارت عظمیٰ کھونے کی وجہ سے دماغی توازن کھو بیٹھا ہے، کامران ٹیسوری

سیہون (صباح نیوز)گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی وزارت عظمیٰ کھونے کی وجہ سے اپنا دماغی توازن کھو بیٹھا ہے،ایک کروڑ روزگار اور 50 لاکھ گھر دینے والا شخص عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہا ہے۔ عمران خان پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنے کی سازش میں مصروف ہے۔معاشی مسائل کے حل کیلئے وفاقی کابینہ کی معاشی ٹیم وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی قیادت میں کام کر رہی ہے اور امید ہے بہت جلد مسائل حل ہوجائیں گے۔ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی لازمی ہے ،پاکستان کے استحکام کیلئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اور سیاست سے ہٹ کر پاکستان کیلئے فیصلے کرنا ہوں گے ۔

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے حضرت لال شہباز قلندرکے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کر کے حضرت لال شہباز قلندرکے771 ویں سالانہ سہ روزہ عرس مبارک کی تقریبات کا افتتاح کیا۔افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی سے پریشان عوام کو چھٹکارہ دلانے اور معاشی استحکام کیلے دعا مانگی ہے۔عمران خان کی عقل سلیم کیلے بھی دعا کی ہے جنکی ذاتی عناد اور مفاد کے لئے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔محمد کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ اولیاء اکرام کی سرزمین ہے اور آج سہیون حضرت لال شہباز قلندر کے عرس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کر کے پاکستان اور خصوصا سندھ کی سلامتی کیلئے دعا کی ہے ،سندھ صوفی بزرگان دین کی سرزمین ہے اور سندھ ان کی دعا سے آباد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ہم نے ملک کی خوشحالی کی دعا کی ہے وہیں عمران خان کی ہدایت اور عقل سلیم کیلئے بھی دعا کی ہے کہ اللہ پاک عمران خان کو پاکستان کی تباہی سے روکے، عمران خان کا کردار اور مفادات سب پر عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی وزارت عظمیٰ کھونے کی وجہ سے اپنا دماغی توازن کھو بیٹھا ہے،ایک کروڑ روزگار اور 50 لاکھ گھر دینے والا شخص عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سینسز کمشنر سے مردم شماری کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے بہت جلد اعتراضات دور کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف احمد رضا شاہ جیلانی ،سیکریٹری اوقاف منور علی مہیسر، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف علی گل سنجرانی، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن ، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سید پیر محمد شاہ ، ڈپٹی کمشنرجامشورو کیپٹن (ریٹائرڈ) فریدالدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشور وعمران احمد قریشی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔