لاہور (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ شہدائے اے پی ایس کی لازوال قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے ، عظیم قربانیوں کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی برسی پر پیغام میں کہا ہے کہ شہدا ئے اے پی ایس کی لازوال قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہدائے اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد کیا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اور پرامن پاکستان کی بنیادرکھی، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانیوں کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد آپریشن ضرب عضب،ردالفساد سے دہشت گردوں کی کمرتوڑدی گئی۔
خیال رہے پشاور کے آرمی پبلک اسکول(اے پی ایس)پر حملے کو7برس بیت گئے، جب مسلح اور شدت پسند حملہ آوروں کی فائرنگ سے اساتذہ سمیت ڈیڑھ سو پھول جیسے معصوم بچے جان سے گئے ۔ اسی دن نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی بنیاد رکھی اور ملک بھر میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا۔