ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی کی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری سے ملاقات

 اسلا م آباد(صباح نیوز)ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی نے وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ ملاقات میں اوورسیز کے مسائل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہو ا۔

وفاقی وزیر نے مسائل کو حل کرنے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔آصف لقمان قاضی نے کہا کہ جماعت اسلامی 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ہر لمحہ ان کی معاون و مددگار ہے۔ انھوں نے کہا کہ 25 جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والا اوورسیز پاکستانیزکنونشن ایک اہم سنگ میل تھا،جس میں دنیا کے مختلف خطوں کے 26 سے زائد ممالک کے مندوبین شریک ہوئے اور ایک 20 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری دی۔ جماعت اسلامی شعبہ امور خارجہ نے پارلیمنٹ، متعلقہ وزارتوں اور فیصلہ سازوں کے ذریعے ان مطالبات کی منظوری کے لیے ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دیا۔

 انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر پلیٹ فارم پر بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کے مسائل کے حل کی تمام ممکن کاوشیں کرتی رہے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ہر فورم پر ترجمانی کریں گے۔ جماعت اسلامی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ووٹ کا حق اور پارلیمنٹ میں نمائندگی کا مطالبہ کرتی ہے۔