گوادر (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے قانون نافذکرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں،ان اقدامات پر عملدرآمد میں ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے،چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس امر کا اظہار دورہ گوادر کے موقع پر انسداد دہشت گردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
یہاں وارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکریٹری بلوچستان ، آئی جی بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں،سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کا ایک فیصد سیکیورٹی کے لئے مختص کیا گیا ہے، اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،سیکورٹی اقدامات پر عملدرآمد میں ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے،چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے۔
وزیر داخلہ نے مزید ہدایت کی کہ ترجیحی بنیادوں پر سیکیورٹی اداروں میں خالی آسامیوں کو پر کیا جائے۔سیکیورٹی اداروں کی بھرتی میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے یاد رہے کہ وزیر داخلہ، وزیر اعظم کی ہدایت پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف شہروں کے دورے پر ہیں
دریں اثنا رانا ثنااللہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پچھلے سات آٹھ ماہ سے باقاعدہ مہم جوئی اور کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو جائے تاکہ معاشی طور پر استحکام حاصل نہ کر سکے اور خدانخواستہ ڈیفالٹ کر جائے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان قبل ازوقت انتخابات کا انعقاد اس لیے چاہتا ہے تاکہ اس کے خلاف جاری کیسز کی تحقیقات رک جائیں اور پھر مقدمات دب جائیں انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے، امن برقرار رکھنے،ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، سی پیک سے پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے، غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جارہی ہے ، عمران خان نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی اور ملک دشمن پالیسیاں چلائیں۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیر داخلہ نے کہا کہ شیخ رشید اپنی بکواس اور غیرضروری بیانات کی وجہ سے جیل میں ہے، اس نے ایک بڑی جماعت کے سربراہ کے خلاف بیان دیا اور پھر مقدمہ درج ہونے پر عدالت بھی گیا، جس پر عدالت نے اس کی درخواست کو مسترد کردیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر شروع ہوئی ہے مگر وفاق، صوبائی حکومتیں اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور ہم اس میں کامیابی حاصل کریں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گھٹیا گفتگو کرنے والے عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ ناکام ہوگیا، آج وہ الیکشن کا مطالبہ کررہے ہیں، آئین میں الیکشن پانچ سال بعد ہونے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے گھٹیا ایجنڈے کو پایہ تکمیل پہنچانے کے لیے انا اور ضد پر کاربند ہے، پہلے اس نے اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کی کوشش کی مگر عوام نے اسے ناکام کردیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے، جب بھی الیکشن ہوں گے ہم لڑنے کیلیے تیار ہیں، مگر حکومت کی رائے یہ ہے کہ معاشی صورت حال بہتر ہونے اور اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر الیکشن ہونا چاہیے، اگر کوئی زبردستی اور دھونس دھمکی سے الیکشن کا مطالبہ کرے تو الیکشن کمیشن کو اس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا استحقاق ہے۔