قلعہ عبداللہ(صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے قلعہ عبداللہ میں کارروائی کرتے ہوئے برف پوش پہاڑوں میں چھپی منشیات فیکٹری سے سیکڑوں کلو چرس برآمد کرلی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق بلوچستان میں قلعہ عبداللہ کے قریب برف پوش پہاڑوں میں چھپی چرس کی فیکٹری پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی گئی۔ فیکٹری میں چرس کی تیاری اور پیکنگ کا کام کیا جاتا تھا۔
منشیات بنانے والی فیکٹری سے459کلو 220گرام چرس اور 46کلو 650گرام بھنگ کے بیج برآمد ہوئے ہیں جب کہ کارروائی کے دوران منشیات میں استعمال ہونے والے دیگر آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔اے این ایف نے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔