پاکستان کے ساتھ تعلقات میں تجارت، معیشت سمیت دیگر شعبے ہماری ترجیحات ہیں،امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

اسلام آباد(صباح نیوز)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قانون کی بالادستی کے لیے ہمارا منصوبہ مکمل ہو گیا۔پاکستان کے ساتھ تعلقات میں تجارت، معیشت سمیت دیگر شعبے ہماری ترجیحات ہیں

اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات(یو این او ڈی سی)کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا سکیورٹی اور معیشت کے شعبوں میں مشترکہ مفادات کے حامل ہیں، بلوچستان میں قانون کی بالادستی کے لیے 15 ملین ڈالرز سے زائد کی رقم خرچ کی، اس رقم سے جدید گاڑیاں اور متعلقہ ہتھیار خریدے گئے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں تجارت، معیشت اور دیگر شعبے ہماری ترجیحات ہیں،ہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں سکیورٹی ایک اہم جزو ہے، ہم پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ یو این او ڈی سی پاکستان نے کہا کہ بلوچستان میں قانون کی بالا دستی سے پولیس کا نظام بہتر ہوا ہے ، بلوچستان پولیس کی معاونت پر یو این او ڈی سی اور امریکی حکومت کا مشکور ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان پولیس میں خواتین اہلکاروں کے بچوں کے لیے ڈے کیئر سینٹر قائم ہے، تربت بلوچستان میں خواتین کا پولیس اسٹیشن کھولنے جا رہے ہیں۔آئی جی بلوچستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوادرمیں بھی خواتین کے لئے پولیس سٹیشن کا جلد آغاز ہو گا، بلوچستان پولیس میں خواتین کے ساتھ اقلیتوں کی بھرتی بھی کی جا رہی ہے۔