اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت کے نجی اسپتال ”اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال ” میں ایک خاتون نے 4 بچوں کو جنم دیا، جس پر والدین کی خوشی دیدنی ہے۔ چاروں بچے جن میں ایک لڑکی اور 3 لڑکے شامل ہیں اور ان کی ماں محفوظ و صحت مند ہیں۔
اسپتال کے شعبہ امراض نسواں میں بچوں کی پیدائش سیزرین سیکشن کے ذریعے ہوئی۔کامیاب آپریشن کے ذریعے پیدائش پر والدین خوشی سے نہال۔ انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ اسپتال کی ٹیم سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔ گائنی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر بشری کانت نے کیس کو کامیابی سے نمٹانے پر اپنی ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
گائنی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر بشری کانت نے ہسپتال انتظامیہ کو مسلسل تعاون اور حوصلہ افزائی پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ہسپتال کے شعبہ کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری نے کہا کہ اے این ٹی ایچ کا اوبس اینڈ گائنی ڈیپارٹمنٹ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے جہاں اس طرح کے کیسز کے ساتھ ساتھ دیگر پیچیدہ حمل اور ڈیلیوری کے کیسز کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال ماوں، بچوں اور دیگر تمام مریضوں کو جامع دیکھ بھال بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کرتا ہے۔