اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، اکبر نیازی ہسپتال کاہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ،کرکٹ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے تعاون سے اسلام آباد میں سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کیا۔ ٹورنامنٹ میں کالج اور ہسپتال کی ٹیموں کے علاوہ اسلام آباد ڈینٹل ہسپتال، اسلام آباد نرسنگ کالج، ڈیپارٹمنٹ آف فزیکل تھراپی اور میڈیکل لیب ٹیکنالوجی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

کرکٹ مقابلوں میں طلباء، اساتذہ اور سٹاف ممبران نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ اس موقع پر کالج اور ہسپتال کی سینئر انتظامیہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھی۔یاسر خان نیازی، آئی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ کالج اور ہسپتال ہر سال ہم نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کرتے ہیں اور یہ اپنے طلباءکو اعلی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ سر گرم ہیں تاکہ مستقبل کےیہ طبی ماہرین پیشہ ورانہ تعلیم، قابل اعتماد تجربے، عِلمی سرگرمیوں اور طبی تحقیق کے ذریعے معاشر ے کی بھر پور خدمت کر سکیں۔ عمران علی غوری، ادارے کے کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے انچارج، نے بتایا کہ ان مقابلوں کا مقصد طلباءکو مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا حصہ بننے کی ترغیب دیناہے تاکہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست رہیں اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیاں کالج اور ہسپتال کی معاشرے میں صحت مند طرز زندگی اپنانے کے بارے میں شعور پیدا کرنے کی کاوشوں کو تقویت بخشتی ہیں۔عمران غوری نے مزید بتایا کہ آئی ایم ڈی سی ہر سال الگ سے ہم نصابی سرگرمیوں کا ہفتہ بھی منعقد کرتا ہے جس میں والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ جیسے کھیلوں کے ساتھ تفریحی میلے، فنون لطیفہ، کوئز، مباحثے اور شاعری کے مقابلے بھی شامل ہوتے ہیں۔انتظامیہ نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ ہر طالب علم اور عملے کے اراکین کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔