پنجاب یونیورسٹی ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کا ٹیچر پر تشدد کے خلاف شدید احتجاج ،ریلی بھی نکالی

 لاہور(صباح نیوز) پنجاب یونیورسٹی ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کا ٹیچر پر تشدد  کے خلاف شدید احتجاج ،ریلی بھی نکالی،ناظم جامعہ بہادر خان کاکڑ نے ٹیچر پر پشتون کونسل کی جانب سے بدترین تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اس ظالمانہ فعل کے خلاف اپنے اساتذہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات جمعیت پنجاب یونیورسٹی ابراہیم شاہد کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر الطاف کو پشتون قوم پرست کونسل نے غیر قانونی داخلہ نہ کرنے پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ پشتون کونسل کے ممبران ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کے ٹیچر پر سرعام تشدد کرتے رہے۔

ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ و طالبات نے واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ڈیپارٹمنٹ میں احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا ۔ جس میں اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سلوگن بلند کیے گئے۔مزید برآں ناظم جامعہ بہادر خان کاکڑ نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و عظمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔یونیورسٹی انتظامیہ تشدد میں ملوث پشتون قوم پرست کونسل کے ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے ان کے خلاف فی الفور کارروائی کا آغاز کرے۔