اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے دائر درخواست کے خلاف وفاقی محتسب کے حکم کی توثیق کی ہے جس میں وفاقی محتسب نے یونیورسٹی کو بدانتظامی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اسے ہدایت کی تھی کہ وہ ایک ایسے طالب علم کا نتیجہ اپ ڈیٹ کرے جس کو یونیورسٹی نے پیپر جمع نہ کرنے کی وجہ سے فیل قرار دیا تھا حالانکہ طالب علم نے پاکستان اسٹڈیز کا پرچہ جمع کرایا تھا اور اس کی رسید بھی اسے موصول ہوئی تھی لیکن شعبہ امتحانات میں مارکنگ کے لیے پیپر نہ ملنے پر اسے فیل قرار دے دیا گیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے وفاق محتسب کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی پالیسی کے مطابق کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے طالب علم نے اپنا پرچہ استاد کو جمع کرایا جسے ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کے لئے آن لائن اپ لوڈ کیا جانا تھا تاہم جب نتیجہ کا اعلان ہوا تو اسے فیل قرار دیا گیا، طالب علم کی طرف سے بار بار درخواستوں/شکایات کے باوجود اس کا نتیجہ اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔
صدر نے کہا کہ چونکہ طالب علم نے اپنا پرچہ اپنے استاد کو آن لائن جمع کرایا تھا اور اس کے استاد کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ اسے شعبہ امتحانات میں جمع کراتا، بدانتظامی کی وجہ سے طالب علم کو اس کا صحیح نتیجہ دینے سے انکار کرکے اسے فیل قرار دیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاق محتسب کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ شکایت کنندہ کا نتیجہ چیک کئے گئے پیپر کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ اسے کوئی تکلیف نہ ہو