الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ریسکیو 1122 کے تعاون سے مری میں 3 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

مری(صباح نیوز  )بارشوں اور برف باری کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت ریسکیو 1122 کے تعاون سے مری میں  3 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد الخدمت کے تمام ریجنل نمائندگان اور رضاکاروں کو بارشوں اور برف باری میں کسی بھی ہنگامی صورت حال کے دوران مصیبت زدگان کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کے جدید تکنیکوں اور آلات کے استعمال کی تربیت فراہم کرنا تھا۔

سہ روزہ تربیتی ورکشاپ میں الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد، منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام آصف جمال، ڈپٹی منیجر طیب بخاری اور ریسکیو ٹرینرز سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ تربیتی کورس میں شرکاء کو فرسٹ ایڈ، ڈیڈ باڈی مینجمنٹ، انسیڈینٹ کمانڈ سسٹم، فائر ایمرجنسیز، واٹر  ایمرجنسیز،فیملی سیکیورٹی اور ریسکیو کے دیگر طریقوں بارے ٹریننگ دی گئی۔

ورکشاپ  کے اختتام پر رضوان احمد نے گفتگو کرتے  ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے ہر اول دستہ میں موجود رہی ہے۔ قدرتی آفات کو روکنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں لیکن مناسب تربیت اور حفاظتی انتظامات سے اس کی شدت اور ممکنہ نقصانات کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ 1122 کے تعاون سے الخدمت رضاکاروں کو ریسکیو اور ریلیف کی مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ دوبارہ سانحہ مری جیسا کوئی حادثہ رونما نا ہو اور ایسی کسی ناگہانی صورت حال میں متاثرین کو بروقت مدد فراہم کرکے قیمتی جانوں کو محفوظ کیاجاسکے۔ حالیہ ٹریننگ میں شرکاء کو برف باری اورتیز بارشوں کے دوران متاثرین کو ریسکو کرنے کے جدید طریقوں سے روشناس کروایا گیا ہے۔