14ویں دو روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپوکل سے پاک چائنہ سینٹر میں شروع ہو گی

اسلام آباد (صباح نیوز)دو روزہ 14ویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو  بدھ کے روز (21 دسمبر 2022) پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں شروع ہوگی۔ اس سلسلے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جس کا موضوع “فارما ایکسپورٹ وے فارورڈ  مواقع اور چیلنجز” ہے۔

دو روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش و کانفرنس کا انعقاد اکیس دسمبر سے بائیس دسمبر تک پرائم ایونٹ مینجمنٹ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ عاصم رئوف جو چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان  ہیں وہ  بطور مہمان خصوصی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ اس نمائش میں 50 نمائش کنندگان شریک ہیں جن میں چین، تائیوان، ترکی، جرمنی کی غیر ملکی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

آرگنائزر  کامران عباسی، ڈائریکٹر پرائم ایونٹ نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے مہمانوں میں سید فاروق بخاری  چیئرمین پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) اور چیف ایگزیکٹو میڈی فلو فارماسیوٹیکلز، ارشد محمود  چیئرمین پی پی ایم اے نارتھ اور قیصر وحید  صدر میڈی شیور لیب پاکستان اور سابق چیئرمین پی پی ایم اے شامل ہوں گے جبکہ سیشن کے مقررین میں حامد رضا  سی ای او نیوٹرو فارما اور سابق چیئرمین پی پی ایم اے،  ارشد محمود، عثمان شوکت  ڈائریکٹر بائیو لیبز، مسٹر۔امان اللہ شیخ  سی ای او ڈیوس فارماسیوٹیکلز، ڈاکٹر فیصل کیو کھوکھر  ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ریمنگٹن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز اور ڈاکٹر عزیر ناگرہ  سی ای او میڈی سرچ فارما شامل ہیں۔

کامران عباسی نے تفصیلات میں مزید بتایا کہ نمائش میں فارماسیوٹیکل آلات بنانے والے، کیمیکلز، لیبارٹری کے آلات، پیکیجنگ میٹریل، تجزیاتی آلات، ماحولیاتی کنٹرول، فارماسیوٹیکل کنسلٹنٹس، ہسپتال اور صحت کے آلات،  ایمبولینس اور ریسکیو گاڑیاں بنانے والے، سرجیکل آلات، فائر الارم اور آلات، ہسپتال کے استعمال کی اشیا اور لوازمات پر مرکوز ہوگی۔