اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے نرغے میں ہے، اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو صرف انتخابات سے آسکتا ہے،پی ڈی ایم سے کہتا ہوں آپ انتخابات سے کتنا بھاگ سکتے ہیں آخر آپ کو عوام کے پاس جانا پڑے گا، اپنے چند ماہ کے اقتدار کیلئے پاکستان کے مفادات سے کھیلنا بند کریں اور انتخابات پر مذاکرات کریں۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ طالبان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کر بھی رہی تھی اور دنیا سے تعلقات کیلئے پاکستان کے کردار کی خواہاں بھی تھی ہمارے کہنے پر ہزاروں لوگوں کو افغانستان سے نکلنے کا راستہ ملا آپریشن رجیم چینج نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کا نیا دور شروع ہی نہیں ہونے دیا۔