پنجاب اسمبلی بچانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، آصف علی زرداری

لاہور(صباح نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی بچانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بلاول ہائوس لاہور میں بدلتی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو وزیراعظم اور چوہدری شجاعت سے ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا گیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آنے والا وقت انتشار کی سیاست کرنے والی قوتوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، جمہوری استحکام اورپارلیمان کی بالادستی کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے اجلاس میں ن لیگ کی قانونی ٹیم نے قیادت کو وزیراعلی پنجاب کے خلاف اعتماد کے ووٹ کے آپشن پر جانے کا مشورہ دیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اسمبلیوں کی تحلیل کے بیانات پر آئینی مشاورت مکمل ہوگئی ہے، اور اتحادیوں کے ساتھ آئندہ 48 گھنٹوں میں ملاقاتیں کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کے لیے گورنر کو تحریری درخواست جمع کرانے کے آپشن پر اتفاق ہوگیا، اور ن لیگ کی قانونی ٹیم نے بھی اعتماد کے ووٹ کے آپشن پر جانے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کسی غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے، اور پنجاب حکومت بچانے کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے۔