ٹیکنالوجی، مہارت اور فکری سرمائے کی منتقلی کیلئے روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی امریکہ اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں پر متعلقہ اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ ٹیکنالوجی، مہارت اور فکری سرمائے کی منتقلی کیلئے روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ اشتراک سے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے معیار میں قابل ذکر تبدیلی آسکتی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ڈیسنٹ فزیشن سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر آصف سید سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی تارکین شمالی امریکہ اور یورپ میں اعلی تعلیمی اور تحقیق و ترقی کے اداروں کے درمیان علم کی منتقلی کیلئے پاکستانی اداروں کے ساتھ روابط پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں کورونا اور حالیہ سیلاب کے دوران پاکستانی ڈیسنٹ فزیشنز سوسائٹی کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اشتراک سے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے معیار میں قابل ذکر تبدیلی آسکتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ سوسائٹی پاکستان کے صحت کے شعبے میں تکنیکی ترقی لانے میں فعال کردار ادا کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر آصف سید نے سوسائٹی کے کردار  اور پاکستان کیلئے خدمات کیبارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔