چمن(صباح نیوز)چمن بارڈر پر پاک افغان صورتحال میں بہتری کیلئے مقامی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق ممتاز علما، عمائدین اور تاجروں پر مشتمل 16 رکنی جرگہ افغانستان روانہ ہوگیا جہاں افغان حکام سے بات کی جائے گی۔
افغانستان جانے سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو میں جرگہ رکن مفتی قاسم کا کہنا تھاکہ صلح، امن اور دوستی کا پیغام لے کر افغانستان جارہے ہیں، افغان حکام سے رابطوں میں مثبت ردعمل ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کا مالی وجانی نقصان کسی کے مفاد میں نہیں۔
ملک عبد الخالق اچکزئی کا کہنا تھاکہ امید ہے مذاکرات اور رابطوں کے نتیجے میں سرحدی تنائو ختم ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغان فورسز کی شہری آبادی پر گولہ باری سے شہری شہید اور کئی افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 افغان سرحدی پوسٹیں تباہ ہو گئی تھیں۔