کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک انقلابی، نظریاتی ودعوتی تحریک ہے، بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری اور ایماندار ومخلص قیادت کو منتخب کرنے کا اہلیان سندھ کو موقع دیا جائے، سودی نظام اور کرپشن کی لعنت نے مہنگائی کا طوفان عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، سودی نظام اور آئی ایم ایف سے نجات حاصل کئے بغیر ملک وقوم ہرگز ترقی نہیں کرسکتے، انصاف واحتساب کے دعویداروں نے آٹا،چینی چور مافیا ز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، غریب عوام رل گئے ہیں کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہے، ارکان جماعت مایوسی واندھیرے کے ماحول میں امید وروشنی کی شمع جلانے کا کام کریں ، جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو گھر گھر پہنچا کر واضح کریں کہ حل صرف جماعت اسلامی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرقانیہ حال شکارپور میں ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا، جس میں ضلع بھر سے ارکان جماعت شریک تھے۔قبل ازیں اس ایک روزہ اجتماع ارکان سے صوبائی نائب امراء ممتاز حسین سہتو، پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ عزیز،جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ،نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی اور امیر ضلع عبدالرحمن منگریو نے بھی خطاب کیا۔
محمد حسین محنتی نے ارکان جماعت کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی کام دعوت ہے،دنیا میں انقلاب برپا کرنے سے پہلے اپنی زندگی ،گھروخاندان میں انقلاب لانا پڑے گا، تحریک اسلامی کے ہر فرد کو اپنی دعوت کا معاشرے میں عملی نمونہ پیش کرنا ہوگا۔