جماعت اسلامی ملک بھر میں نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کے لیے منظم کر رہی ہے،سراج الحق


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط سیاسی بونوں کا وقت ختم ہونے والا ہے، ان تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے سیاسی ،معاشی اور سماجی دہشت گردی مسلط کی ہے۔ سٹیٹس کو کے محافظوں کا جینا مرنا یہاں نہیں یہ ملک پر بوجھ ہیں۔ حکمران جماعتیں ناکام ، جاگیرداروں، وڈیروں ، ظالم سرمایہ داروں اور مافیا سے نجات کے لیے نوجوان کردار ادا کریں۔ حقیقی تبدیلی تب آئے گی جب یوتھ اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہو گی۔ حکمرانوں نے سبز باغ دکھا کر قوم کو اندھیروں میں رکھا۔ ملک کا ہر پانچواں شہری مہنگائی سے تنگ، ڈپریشن کا شکار ہے، بے روزگاری نے نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے یوتھ کو سب سے بڑا دھوکا دیا، پی ڈی ایم کی 14جماعتیں بھی آٹھ ماہ میں کوئی بہتری نہ لا سکیں۔ حکمران اشرافیہ استعمار کی وفادار ہیں، ملک کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف، خارجہ حکمت عملی امریکا کے کہنے پر تشکیل دی جاتی ہے۔ استعمار کے وفاداروں نے ملکی وقار اور خودمختاری داؤ پر لگا دی۔ بچہ بچہ مقروض، غربت، مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، جماعت اسلامی ملک بھر میں نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کے لیے منظم کر رہی ہے۔ الیکشن سے قبل یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی مکمل کی جائے۔ انتخابات میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دیں گے۔ نوجوان قرآن ہاتھ میں اٹھاکر انسانیت کو استعمار اور غلامی کی دلدل سے نکالے۔ قرآن و سنت کا نظام ہی انسانیت کے مسائل کا حل ہے۔ملک اس وقت آگے بڑھے گا جب یہاں اللہ کا نظام نافذ ہو گا۔ جماعت اسلامی کی تمام ترکوششوں کا محور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی یوتھ بورڈ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ،مرکزی سیکر ٹری اطلاعات قیصر شریف اور صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل سمیت جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کی تیاریوں ، بلاک کوڈ کی سطح پر نوجوانوں کی تنظیم سازی اور دیگر ایشوز سے متعلق گفتگو ہوئی اور تجاویز دی گئیں ۔ امیر جماعت نے جے آئی یوتھ کو ہدایت کی کہ وہ ملک کے نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کو اپنا مشن بنائے۔وسائل کے مطابق ہر ضلع میں صحت مندانہ سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے اور نوجوانوں کو سماجی ، سیاسی ، تعلیمی اور دیگر میدانوں میں آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جائیں ۔

امیر جماعت نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کا نظریہ تیزی سے نوجوانوں میں مقبولیت پارہاہے ۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی مکمل طور پر ایکسپوز ہو گئیں ہی، ان حکمران جماعتوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، ادارہ کو تباہ کیا، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے تحفے دیے، یہ عدالتی نظام بہتر کر سکیں  نہ تعلیم اور صحت کے میدان میں کوئی کارکردگی دکھا سکیں۔ آج کا نوجوان ان جماعتوں کی حقیقت کو پہچان چکا ہے، یقین ہے کہ وہ مزید ان وڈیروں کے بہلاوے میں نہیں آئے گا۔

انھوں نے کہا کہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی پارٹیوں میں عام پڑھے لکھے افراد کی کوئی گنجائش نہیں ۔ عام لوگوں کو اگر اپنی آواز کو توانا اور مضبوط کرنا ہے تو جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ ارب پتی طبقہ دھونس اور دولت کے بل بوتے پر الیکشن جیت کر میرٹ کی دھجیاں اڑاتااور اداروں کو کمزور کرتاہے ۔بائیس کروڑ عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ان ظالموں کو بھگت رہے ہیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا واحد مرکز ہیں اور انہی سے ہی حقیقی تبدیلی آئے گی۔ نوجوانوں کو اپنا سربلند کر کے فرسودہ نظام کے خلاف بات کرنا ہو گی۔ جماعت اسلامی سے وابستہ نوجوان لوگوں کو بتائیں کہ ہم میں سے کسی کا پاناما لیکس یا پنڈوراپیپرزمیں نہیں، ہم نیب زدہ ہیں نہ ہم نے قرضے معاف کرائے۔ جماعت اسلامی کو جب موقع ملا وہ سیلاب ،زلزلہ ہو یا کرونا وائرس کی وبا، ہم نے قوم کی خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا تو ہم لوگوں کو انصاف دیں گے اور ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کریں گے۔ سرکاری زمینوں کو نوجوانوں میں تقسیم اور انھیں بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ سودی نظام کا خاتمہ کر یں گے، کشمیر کو بھارت کے قبضہ سے آزاد کرائیں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔