ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ومرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ معاشرے میں صحافی برادری کا انتہائی اہم کردار ہے ۔ وفاق میں اتحادی حکومت ہے ‘ ورثے میں ملنے والے مسائل کے باوجود اتحادی حکومت کی پالیسیاں عوام اور ملک کے مفاد میں ہیں ‘ خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی کی بدولت آج سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کیلئے پیسے نہیں ہیں ‘ اسٹیبلشمنٹ کا ہمیشہ پاکستانی سیاست میں کردار رہا ہے ‘ لیکن سابق آرمی چیف کی طرف سے پاکستانی سیاست میں آئندہ کسی قسم کا کوئی کردار ادا نہ کرنے کا انکا بیان انتہائی خوش آئند ہے ‘ چشمہ لفٹ کینال اور ڈیرہ و سکھر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا بھی جلد سنگ بنیاد رکھا جارہاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے نوابزدہ مظہر جمیل علیزئی ‘ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن و امیدوار صوبائی اسمبلی سردار قیضار خان میاںخیل ‘ پیپلزپارٹی کے ڈویژنل رہنما سردار ملک اقبال خان ایسر ‘ مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر عبداللہ ظفری ‘ سید زعفران شاہ بخاری ‘ جمی خان سدوزئی ‘ ظفر علی خان گنڈ ہ پور ودیگر موجود تھے ‘ ڈیرہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد فضل الرحمن نے فیصل کریم کنڈی کو ڈیرہ پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا ڈاکٹر عبداللہ ظفری نے فیصل کریم کنڈی کو پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ ڈیرہ پریس کلب کے ممبر عثمان اعوان نے فیصل کریم کنڈی کو شیلڈ پیش کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی کوشش تھی کہ وہ اتحادی حکومت کو دبائو میں لاتے ہوئے اپنی مرضی سے الیکشن کی تاریخ دلوائیں لیکن موجودہ حکومت ان کے دبائو میں نہ آئی ہے نہ آئے گی’الیکشن مقررہ وقت پرہی ہونگے۔ عمران موصوف نے ہر محاذ پر اب تک یو ٹرن لیاہے سیلاب کے دوران ہم نے سیاست نہیں کی بلکہ عوام کی بلاتفریق بے لوث خدمت کی ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے پٹواریوں اور تحصیلداروں کے ذریعے سیلاب کے متاثرہ اصل متاثرین کی بجائے اپنے من پسند نام ڈلوا کر اپنی سیاست چمکانے کی مایوس کن کوشش کی ‘ ہمارے پی ٹی آئی سے کوئی بیک ڈور مذکرات نہیں چل رہے ۔سابقہ وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی جانب سے پہلے سیوریج کے نام پر ڈیرہ کی سڑکیں تباہ کی گئی ‘ اور اب فلائی اوور کے نام پر کمیشن بنانے کا چکر شروع ہے ‘ ٹی ایم اے ڈیرہ کو صوبائی وزیر بلدیات اور ان کے بھائی علی امین سابقہ وفاقی وزیر تباہی کے دہانے تک لے آئے ہیں ‘ میلوں ٹھیلوں اور اپنے گھوڑوں کے گھاس کیلئے بھی فنڈز ٹی ایم اے سے لے رہے ہیں’ جس کی وجہ سے ٹی ایم اے کے ملازمین و پنشنرز تنخواہوں سے محروم ہیں’ ٹی ایم اے کا منافع بخش ادارہ تھا ‘ ہر کسی کو معلوم ہے کہ منڈیوں کے ٹھیکے کس کے پاس ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ واپڈا کا سرکل جلد ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم ہو جائیگا ‘ اسی طرح چشمہ لفٹ کینال اور ڈیرہ و سکھر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ مل جائیگا ‘ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا جنڈولہ میں دفتر قائم کردیا گیا ہے ‘ہماری کوشش ہے کہ ہر تحصیل کی سطح پر بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر قائم کردیا جائے ‘نئے غرباء کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کیلئے 15دسمبر سے سروے کا آغاز کیا جارہاہے جس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کرینگے ‘ ہماری لوگوں سے التماس ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر میں سروے کے دوران اپنا نام رجسٹرڈ کرائیں بعض نوسر باز بے نظیر انکم کے فارم لیکر لوگوں سے پیسے بٹور رہے ہیں ‘ یہ سب فراڈ ہے ‘ سروے صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر میں ہی ہو گا۔ سابقہ حکومت میں 8سے 10لاکھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ بلاک کئے گئے تھے ان میں سے اب تک ہم نے 90سے 95فیصد بلاک کارڈ کھول دیئے ہیں۔اتحادی حکومت ملک کودرست اقتصادی سمت کی طرف لے جارہی ہے ملک کو ہم بحران سے نکالیں گے پی ٹی آئی نے فرلانگ مارچ کے دوران اسٹیبلشمنٹ کے خلاف زہر گھول کر بھارت نوازی کا ثبوت دیا ‘پی ٹی آئی کی ناقص حکمت عملی کی بدولت خیبرپختونخواہ میں امن و امان کی ابتر صورتحال ہے وزیراعلیٰ موصوف اپنے آبائی علاقہ سوات نہیں جاسکتے ۔