اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فوا د چوہدری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے اکابرین الیکشن نہیں چاہتے۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم 20دسمبر تک ملک بھر میں عام انتخابات کا کوئی حتمی فارمولا سامنے نہیں لاتی تو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی اور پنجاب اور خیبر پختونخوا میں20مارچ سے پہلے عام انتخابات کا عمل مکمل ہو گا۔
اس ضمن میں اتحادیوں کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ انہوںنے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے اکابرین الیکشن نہیں چاہتے لیکن ملک کیسے چلانا ہے کوئی پتہ نہیں صرف وزیر بنانا اور بیرونی دورے کرنے سے ملک نہیں چلتے یہ ایک پیچیدہ اور مشکل کام ہے جس کی اہلیت ان حکمرانوں میں نہیں ، پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور یہ مستحکم حکومت کے بغیر ممکن نہیں۔