اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی ، وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام صدر مملکت تک پہنچایا۔
ایوان صدر اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت عارف علوی کے درمیان ہونے والی ملاقات 20 منٹ تک جاری رہی۔ دونوں اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی کے جلد انتخابات کے مطالبے اور حکومتی اتحادیوں کے نکتہ نظر پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے عمران خان کا موقف سامنے رکھا۔اس موقع پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کے متوقع مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی۔درآمدی بل کم کرنے کے لیے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے تعاون پر بات چیت کی گئی جبکہ آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد کے لیے بھی اپوزیشن سے تعاون مانگا گیا۔ملک میں سیاسی استحکام لانے کے لیے تحریک انصاف سے تعاون پر بھی بات چیت کی گئی ۔
دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی۔ یہ بات ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں کہی گئی ۔۔۔