شدید دھند، موٹر ویزکئی مقامات پر بند،حدنگاہ انتہائی کم ،ٹریفک روانی متاثر


لاہور(صباح نیوز) شدید دھند کے باعث موٹر ویز کئی مقامات پر بند رہیں ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 3کو شدید دھند کے باعث درخانہ سے سمندری تک بند کیا گیا ۔

موٹر وے ایم 4فیصل آباد سے ملتان اور ملتان سے سکھر تک بند کر دی گئی ، حد نگاہ کم  ہونے کے باعث عبدالحکیم سے شور کوٹ تک بھی موٹر وے بند کر دی گئی ۔

قومی شاہراہ پر خانیوال میاں چنوں اور بہاولپور میں دھند کے باعث حد نگاہ 50سے 70میٹر رہ گئی ، بستی ملوک میں بھی حد نگاہ 60میٹر رہ گئی ،ٹریفک روانی متاثر رہی ۔

موٹر وے پولیس نے روڈ یوزرز کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ترجمان نے کہا کہ موٹر وے پر سفر کرنے والے حضرات معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کر یں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جاسکتی ہیں۔