اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار الیاس نے سفارت کاروں کی موجودگی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے تلخ کلامی اور تکرار کی ہمت کیسے کی؟گزشتہ روز کشمیر کاز کو دھچکا لگا ہے کہ پاکستانی آپس میں لڑتے ہیں، آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کی سیٹیں پی ٹی آئی سے زیادہ ہیں۔
معاون خصوصی عطا تارڑ یہ بات گزشتہ روز اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار الیاس تنویر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے تلخ کلامی کی۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر شہباز شریف کو پریشرمیں لاکر اپنی ہائوسنگ سوسائٹی اور شاپنگ مال کا این او سی لینا چاہتے تھے، شکست کی خفت مٹانے کے لیے سردار تنویر نے یہ حرکت کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کی سیٹیں پی ٹی آئی سے زیادہ ہیں، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اپنی ہوم یو سی میں ہارے ہیں، راولا کوٹ، حویلی، مظفر آباد میں بھی ہار چکے ہیں، یہ جیتے کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی جماعت نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے، گزشتہ روز کشمیر کاز کو دھچکا لگا ہے کہ پاکستانی آپس میں لڑتے ہیں، فال نکال کر عبدالقیوم کو وزیرِ اعظم بنایا گیا، سردار الیاس نے پیسے دے کر وزارتِ عظمی خریدی، کشمیر کا وہی حال کیا جا رہا ہے جو پاکستان کی سیاست کا کیا ہے۔
عطا تارڑ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر ہمیں آج اجازت دیں تو سردار تنویر اسلام آباد میں داخل نہ ہو سکیں، کشمیر میں ان کا بیانیہ ریجیکٹ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت کے بغیر سانس بھی نہیں لے سکتے، اگر ان میں ہمت ہے تو اسمبلی توڑ کر دکھائیں۔ عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ نے پنجاب اسمبلی توڑنے کا اعلان کیا تھا، یہ شخص اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتا، عمران خان نے حکومت بچانے کے لیے آرمی چیف کو غیر آئینی آفر کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرح گوگی نے ہر ٹھیکے اور ٹرانسفر پر پیسے لیے، وہ آپ کی بے نامی ہیں، آپ نے انہیں باہر بھگایا، فرح گوگی واپس آئیں تو فر فر بولیں گی اور آپ کی ٹانگیں کانپیں گی۔ اس موقع پرآزاد کشمیر مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ سردار تنویر الیاس اپنی پراپرٹی اور اپنی ذات کے لئے گھنائونی حرکت کررہا ہے، کشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں پوری سرکاری مشینری استعمال کی گئی ہے، مظفرآباد، راولاکوٹ میں ضلع کونسل کے چیئرمین میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے ہونگے۔ شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ سردار الیاس نے آزاد کشمیر کی حکومت کو اسلام آباد میں لے آیا ہے۔