وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل/ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹو سیکرٹری کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل/ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹو سیکرٹری ارمینڈا سلسیا الیسجہبانہ نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر خزانہ نے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل/ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹیو سیکرٹری ارمینڈا سلسیالیسجہبانہ کا خیرمقدم کیا اور اقوام متحدہ کے معاون کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں اقوام متحدہ کی پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اعتراف کرتا ہے تاہم پاکستان کو سیلاب کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے مزید بین الاقوامی مدد کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے اس مشکل وقت میں دوست ممالک کے تعاون کو بھی سراہا۔

ایگزیکٹیو سیکرٹری ارمینڈا سلسیاہالیس جہبانہ نے وزیر خزانہ کو ای ایس سی اے پی کے فریم ورک کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ایشیا پیسفک خطے میں سب سے زیادہ جامع بین حکومتی پلیٹ فارم ہونے کے ناطے، ای ایس سی اے پی کا مقصد پائیدار ترقی کے چیلنجوں کے حل کے لئے اپنے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیر خزانہ کو ان شعبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جن میں ای ایس سی اے پی اس وقت پاکستان میں کام کر رہا ہے جن میں تعلیم، توانائی، سماجی ترقی وغیرہ شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی پر خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔

انہوں نے ملک کے مجموعی معاشی منظرنامے اور موجودہ حکومت کی جانب سے معاشرے کے غریب طبقے کی بہتری کے لئے کی جانے والی سماجی و اقتصادی پالیسیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ ایگزیکٹو سیکرٹری نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کو مکمل معاونت اور تعاون کی پیشکش کی۔۔