کراچی(صباح نیوز)سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر پی پی کے وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔
گزشتہ چار سینیٹ الیکشن میں سندھ سے پہلی مرتبہ بلامقابلہ کامیابی ایم کیو ایم کے احمد سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے متبادل امیدوار عاجز دھامرا بھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔ایم کیو ایم کے 3 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لئے جانے کے بعد وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔
پیپلزپارٹی کے وقار مہدی سینیٹ کی جنرل نشست پر بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔ کاغذات نامزدگی سے دستبرداری کی درخواستیں منظور ہونے کا اعلان بھی الیکشن کمیشن جلد کرے گا۔میڈیا سے کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں، آصف علی زرداری مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچھ ماہ پہلے ہی ایم کیو ایم سے نام مانگ لئے گئے تھے، ایڈمنسٹریٹر کے لئے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ ایڈمنسٹریٹر شپ دینے اور سینیٹر شپ لینے کا معاملہ ڈیل نہیں ۔