اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، امن و عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں امن و عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی کے بہترین انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ کے دوران ٹریفک کے انتظامات اور ان اقدامات سے شہریوں کی مشکلات میں کمی کو بھی سراہا۔ وزیرِ اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور سپاہیوں کو اپنی ذمہ داریاں بسلوبِ احسن انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ، سیکٹری داخلہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہاں اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔