کینیڈا کا اپنا ویزہ سینٹر ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(صباح نیوز)کینیڈا نے اپنا ویزہ سینٹر طویل عرصے بعد ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کینیڈین حکومت گزشتہ 10 سال سے پاکستان کے لیے ابوظہبی میں کام کرنے والے ویزہ سینٹر کو دوبارہ اسلام آباد منتقل کررہی ہے جس سے ویزہ کے حصول کیلئے پاکستانیوں کو کئی اقسام کی دشواریوں میں کمی آئے گی۔کینیڈا کی جانب سے اس فیصلے کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ وہاں کی حکومت کو سال 2025 تک 14 لاکھ تارکین وطن درکارہیں۔ ہنرمند افرادی قوت کی کمی کا شکار کینیڈا نے اس حوالے سے ایک پروگرام کا بھی آغاز کیا ہے۔

دنیاکے دیگربیشترممالک کی طرح پاکستان سے بھی ہزاروں افراد روزگار کی غرض سے کینیڈا میں مقیم ہیں۔پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ شفقت علی نے بتایا کہ کینیڈا کی حکومت نے ویزا آفس اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے خطیر رقم مختص کر دی۔واضح رہے کہ 10 سال پہلے کینیڈا کا ویزا آفس مختلف وجوہات کی بنا پر ابوظہبی منتقل کر دیا گیا تھا۔