کراچی (صباح نیوز)وزیر اطلاعات برائے سندھ، سعید غنی نے کہا ہے کہ آج نااہل اور نالائق عمرانی حکومت کا ایک جھوٹا اور نااہل وزیر سندھ آیا ہے، مراد سعید سندھ کی فکر چھوڑدیں، سندھ لاوارث نہیں ہے۔
سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مراد سعید سندھ حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے گورنر پنجاب کے انکشاف پر شرمندہ ہوں، مراد سعید بتائیں کہ وہ دو سو ارب ڈالر بنی گالا میں کہاں چھپا کر رکھے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ نااہل مراد سعید ملک میں بھیانک مہنگائی کا قوم کو جواب دے، نام نہاد صحت کارڈ کی کوئی افادیت نہیں، کے پی کے لوگ مفت علاج کے لیے سندھ آتے ہیں، آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے کورونا فنڈ میں 40 ارب روپے کی خورد برد کی نشاندہی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا فنڈ میں 40 ارب روپے کے ڈاکے کے سرغنہ عمران خان ہیں، پیسہ عمران خان کی کمزوری ہے انہیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ پیسہ کہاں سے آیا، رنگیلوں اور شبیلوں پر مشتمل نیازی حکومت نے عوام کی زندگی عذاب کر رکھی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے کارکن بھی اپنے جلسوں میں عمران خان مردہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھیاسٹھ لاکھ ٹن گندم غائب ہونے کا اعتراف فخر امام نے کیا تھا وہ گندم کہاں ہے ؟ آٹا، چینی، پیٹرول، کھاد، دوائی چوروں کی عمرانی حکومت ملک پر عذاب ہے۔