وزیراعظم شہباز شریف سے آصف علی زرداری کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، اس دوران سابق صدر نے وزیراعظم کی مزاج پرسی کی۔

وزیراعظم نے سابق صدر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، دونوں قائدین نے مجموعی ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملک میں آرمی چیف کی تعیناتی پر سیاسی قیادت ایک دوسرے کے ساتھ بیان بازی میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ 29 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، ان کی تقرری موضوع بحث بن چکی ہے۔ اگر سینیارٹی کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت پانچ لیفٹیننٹ جنرلز نئے سپہ سالار کیلئے امیدوار ہیں۔