خواتین کو معاشی اور مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کی خودمختاری کے حوالے سے اقدامات پر ایک جامع آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی اور مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے حوصلہ افزائی کے مزید اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کی آبادی کو فعال معاشی دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن بزنس نیٹ ورک کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے خواتین کی خودمختاری کے حوالے سے اقدامات پر ایک جامع آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ تاکہ تمام متعلقہ فریق خواتین کو ان کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے کئی مخصوص پروگرام شروع کئے گئے ہیں، خواتین بینک برانچوں میں جائے بغیر اب آن لائن بینک اکاؤنٹ کھلوا سکتی ہیں ، خواتین کے ملکیتی حقوق کے حوالے سے قوانین میں خواتین کو وراثت دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آسان شرائط و ضوابط پر قرضے بھی دیئے جارہے ہیں ، اگرچہ بینک خواتین کو قرضے دے رہے ہیں تاہم صرف 2 سے 5 فیصد قرضے ہی حاصل کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام خواتین کا ڈیٹا اکٹھے کرنے ، وظیفہ کی فراہمی، ان کے بینک اکائونٹس کھولنے میں مدد، ڈیجیٹل ، ایس ایم ایس اور ایسی دیگر خدمات کے ساتھ ڈیجیٹل کمیونیکیشن میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین پارلیمنٹرینز، چیمبرز آف کامرس، این جی اوز اور ایڈووکیسی گروپس کو چاہئے کہ وہ نچلی سطح پر خواتین تک رسائی کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کے لیے ہاتھ بٹائیں اور انھیں خود کو بااختیار بنانے کے لئے معلومات اور تعلیم سے آراستہ کریں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو باضابطہ ڈھانچے میں لانے اور انہیں فیصلہ سازی کے عہدوں تک پہنچانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اور ایڈووکیسی مہم وضع کرنے کی بھی ضرورت ہے جس سے دیگر خواتین کو بھی اس کی پیروی کرنے کی ترغیب ملے گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوان ملک کے دو عظیم اثاثے ہیں جنہیں ملک کی ترقی و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے پوری طرح سے لیس اور تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے اس بات کو سراہا کہ خواتین معقول تعداد میں پیشہ وارانہ علم حاصل کر رہی ہیں لیکن ان کے خدشات کا اظہار کیا کہ ان میں سے 50 فیصد خواتین نے گریجویشن کے بعد معاشی طور پر فعال نہ ہونے کے بعد گھر میں رہنے کو ترجیح دی جو کہ ملک کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔انہوں نے تمام ایڈووکیسی گروپس، تنظیموں اور والدین پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پیشہ ورانہ کالجوں کی تمام خواتین گریجویٹ معاشی دھارے میں شامل ہوں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ویمن بزنس نیٹ ورک کاروباری پیشہ ور افراد اور کارپوریٹ لیڈروں کا ایک عالمی نیٹ ورک ہے جو خواتین کو صنعت میں اہم قائدانہ عہدوں پر فائز کرنے اور ان کے کاروبار کے لئے بیرون ملک مواقع پیدا کرنے کے لئے ہے، اس کا مقصد خواتین کی تنظیموں اور دیگر شعبوں کے درمیان تعاون ، خواتین کی انٹرپرینیورشپ میں مدد، خواتین کو کاروبار میں رہنمائی فراہم کرنا اور تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے خواتین کے کاروبار کے ذریعے بااختیار بنانا ہے ۔