اسلام آباد(صباح نیوز)ہوابازی کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے منصوبوں کا اعلان کر دیاہے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا ایئرپورٹ ایک گرین فیلڈ منصوبہ ہو گا اور علاقے میں مکمل طور پر ایک نئی سہولت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹس آ جاتی ہیں تو اپ گریڈیشن کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت لیز پر 80سے 100 مسافروں کی گنجائش والے چھوٹے جہاز لیز پر خریدنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے تاکہ پی آئی اے کا خسارہ کم ہو سکے۔ایک سوال کے جواب میں پارلیمانی امور کے پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 70 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 25 ہزار روپے فی خاندان نقد امداد کی صورت میں دیئے جائینگے۔
ایک سوال کے جواب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے پارلیمانی سیکرٹری عثمان قادر نے کہا کہ آپٹیکل فائبر لائن اندرونی سندھ بچھائی جا رہی ہے جس کو تیزترین انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کیلئے تعلیمی اداروں کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔