امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی قومی اثاثہ اور ملکی سماجی و معاشی ترقی میں مساوی شراکت دار ہے،مسعود خان


لاس اینجلس(صباح نیوز)امریکہ کے لئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی قومی اثاثہ اور پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مساوی شراکت دار ہے۔ یہ بات انہوں نے امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے اپنے پہلے دورے کے دوران پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایونٹ کا انعقاد کونسل آف پاکستان کی جانب سے کیا گیا یہ تنظیم امریکہ میں پاکستان اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے مفادات کے لئے کام کرتی ہے۔سفیر پاکستان نے امریکہ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی شاندار کامیابیوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنی جدت اور کاروباری صلاحیتوں کی بدولت امریکہ اور پاکستان دونوں کے لئے باعث فخر ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کررہی ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے ضمن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی دیگر ذریعہ کارگر نہ بھی ہو لیکن یہ تعلق ہمیشہ موثررہے گا۔

مسعود خان نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاک امریکہ تعلقات میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ معاشی میدان جس میں تجارت، سرمایہ کاری، متبادل ذرائع توانائی، صحت، زراعت اور ٹیک انڈسٹری جیسے شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات میں تیزی سرمایہ کاروں کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی پاکستان میں اپنی کاروبار ی سرگرمیوں کو وسعت دے کر ا س ضمن میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے امریکہ میں آئی ٹی مصنوعات اور خدمات کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر مسائل کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بڑھ رہا ہے اور گذشتہ برس امریکہ کے لئے پاکستانی برآمدات سات ارب ڈالر سے بڑھ کر نو ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکہ کے حالیہ مڈ ٹرم الیکشن میں پاکستانی کمیونٹی کے متحرک کردار کو سراہا کہ جس میں پاکستانی کمیونٹی نے امریکہ کی دونوں بڑی پارٹیوں کے امیدواروں کو حمایت فراہم کی اور کیلیفورنیا جیسے اہم علاقے سے ایک معروف پاکستانی نے امریکی کانگریس کے لئے ہونے والے انتخاب میں بھی بطور امیدوار حصہ لیا۔

انہوں نے کورونا ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے چار اعشاریہ سات ملین ڈالر جبکہ فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے لیے ڈیڑھ ملین ڈالر کی معاونت پر بھی کمیونٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ فلڈ ریلیف کے لئے ڈیڑھ ملین ڈالر میں سے ایک ملین ڈالر پاکستان بھیجا جا چکا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح وبہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارت خانہ واشنگٹن اور امریکہ میں موجود چار قونصلیٹ پاکستانی کمیونٹی کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔کونسل آف پاکستان کی قیادت چیئرپرسن نگہت ثروت اور چیئرمین ڈاکٹر عدنان خان نے کہا کہ تنظیم پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلق قائم کرنے کے حوالے سے کوشاں ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کی بھی نشاندہی کی۔

بعد ازاں سفیر پاکستان نے ہوم ٹیکس پیکیجنگ کے سی ای او شعیب کوٹھاوالا کی جانب سے اہتمام کردہ عشایئے کے دوران بااثر پاکستانی امریکن بزنس مینوں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کی ۔ سفیر پاکستان نے پاکستان میں کاروبار موافق ماحول کی فراہمی، ٹیکس کے نظام کو سہل اور بہتر بنانے اور پاکستان سے بیرون ملک فنڈ ز کی آسان ترسیل کے ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال امریکہ سے پاکستان میں 257 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جبکہ 203 ملین ڈالر واپس بھیجے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80 امریکی کمپنیاں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں جو کہ ایک ارب ڈالر سالانہ ٹیکس ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان خطے میں معاشی حب بن کر ابھر رہا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی معیشت کے اہم شعبہ جات جن میں آئی ٹی، متبادل ذرائع توانائی، زراعت، مینوفیکچرنگ اور ہیلتھ کئیر شامل ہیں ، میں سرمایہ کاری کرکے پاکستانی معیشت میں اعتماد کی فضا کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی پر زوردیا کہ وہ امریکی انتظامیہ ، کانگریس اور تھنک ٹینک کمیونٹی کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔