لاہور،اورنج لائن ٹرین اسٹیشن سے ڈرون طیارہ ٹکرا گیا،چھوٹا جاسوسی کیمرہ نصب


لاہور(صباح نیوز)لاہور میں اورنج لائن ٹرین کے علی ٹائون سٹیشن سے ڈرون طیارہ ٹکرا کر گر گیا۔

لاہور پولیس نے کہا کہ مذکورہ ڈرون طیارے سے کسی قسم کا بارودی مواد نہیں ملا ہے تاہم طیارے میں چھوٹا جاسوسی کیمرہ بھی لگا ہے ، جس کی تفتیش جاری ہے ۔ جس جگہ طیارہ گرا وہاں چائینیز انجینئرز بھی موجود تھے۔

لاہور پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اور دیگر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق تعین کیا جا رہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ کس سمت سے آیا تھا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چوہنگ کے علاقے میں پراسرار ریموٹ کنٹرول طیارہ گرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سی سی پی او لاہور نے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ سینئرپولیس افسران اور متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں، متعلقہ ادارے شواہد کی بنیاد پر ریموٹ کنٹرول طیارے کا جائزہ لے رہے ہیں۔