ای سی سی نے یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کی منظوری دے دی


اسلام آباد(صباح نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین نجی شعبہ کو دینے کی سفارش کو مسترد کردی۔

ای سی سی نے وزیراعظم پیکج کے تحت خیبر پختونخوا میں سستا آٹا اسکیم جون  دو ہزار تئیس تک جاری رکھنے کی بھی منظوری دی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کو گیس کی بحالی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سوئی سدرن کو اسٹیل ملز کے ذمہ بقایاجات وفاقی حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو فلم و ڈرامہ فنانس فنڈ قائم کرنے کے لیے دس کروڑ روپے جبکہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے لیے ساٹھ ملین روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔

ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزرز کو دسمبر تک سبسڈایزڈ ایل این جی کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کو گیس کی فراہمی کے لیے ایس ایس جی سی کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی جبکہ اکتوبر 2022 سے دسمبر 2022 تک سبسڈی والے آر ایل این جی پرفاطمہ فٹیلائزر اور ایگریٹک لمیٹڈ کے پلانٹس کو چلانے کی اجازت بھی دیدی ہے۔  ای سی سی نے   انسانی حقوق کی وزارت کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دیدی ہے۔