راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دورے جاری۔ آرمی چیف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی اور بلوچ رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دورے جاری ہیں ۔آرمی چیف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی اور بلوچ رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا ۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ آرمی چیف نے پی ایم اے میں کڈٹس اور افسران سے ملاقات بھی کی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے خطاب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے بہترین تربیتی کردار کو سراہا اور کیڈٹس کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اپنانے کی ہدایت کی۔
بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹل سینٹر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف نے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی اور بلوچ رجمنٹل سینٹر میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران سے ملاقات کی اور آرمی چیف نے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ بلوچ رجمنٹ آمد پر لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس نے استقبال کیا۔