اتحاد بین المسلمین کے داعی : مولانا عباس انصاری : تحریر افتخار گیلانی


یہ شاید 70 کی دہائی کا واقعہ ہوگا، کہ شمالی کشمیر کے تجارتی مرکز سوپور کے گرلز ہائی اسکول میں ماہ محرم میں حسینی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ میرے چچا یونس گیلانی ہاتھ پکڑ کر مجھے ساتھ لے گئے کیونکہ سرینگر سے کئی شاعر اور واعظین اس میں شرکت کرنے کیلئے آرہے تھے، جن میں ان کے دوست مشتاق کشمیری (جن کو ان کے کلام کی وجہ سے کشمیری زبان کا اقبال بھی کہا جاسکتا ہے) آرہے تھے۔ مگر اس جلسے میں میری دلچسپی اس لئے تھی کہ اس کی صدارت معروف شیعہ سیاسی و مذہبی لیڈر مولانا محمد عباس انصاری کر نے والے تھے۔ ان کے متعلق خاصی کہانیاں سنی تھیں۔ سیاہ چوغہ اور گول پگڑی پہنے مولانا انصاری نے صدارتی خطبے میں جس طرح واقعہ کربلا اور اس کے فلسفہ کو بیان کیا وہ کچی عمر ہونے کے باوجود میرے ذہن پر نقش ہو کر رہ گیا۔ کشمیری سیاست کے اس اہم ستون اور شیعہ سنی اتحاد کے علمبردار نے 25اکتوبر کو86 سال کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہہ کر ہمیشہ کیلئے آنکھیں موند لی۔ وہ ایک اہم موڑ پر حریت کانفرنس کے چیئر مین بھی رہے، جب اس کے رہنماوں نے بھارتی حکومت کے ساتھ تین دور کی با ت چیت کی۔ وہ شیخ عبداللہ کی قیادت میں قائم محاذ رائے شماری جو 1955سے 1975تک فعال رہی، کے شاید آخری زندہ لیڈر تھے۔ وہ واحد کشمیری لیڈر ہیں، جنہوں نے بھارت، پاکستان اور ایران کی چوٹی کی لیڈرشپ کے ساتھ آمنے سامنے ملاقاتیں کی ہیں۔ ناظمیہ عربی کالج لکھنو اور بعد میں آٹھ سال تک نجف (عراق) میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپسی پر انہوں نے سرینگر سے ایک جریدہ سفینہ کی اشاعت شروع کی۔ ا ن دنوں لکھنو کی طرح سری نگر میں بھی شیعہ ۔سنی فسادات ہونا عام بات تھی۔ ایک طرح سے طاقتور حلقوں سے شہ بھی دی جاتی تھی۔ اس کا سدباب کرنے کیلئے 1962میں شیعہ سنی اتحاد کیلئے انہوں نے انجمن اتحاد المسلمین کی بنیاد ڈالی۔ دسمبر 1963کو جب درگاہ حضرت بل سے موئے مقدس کی گمشدگی کے بعد کشمیر کے طول و عرض میں ایک لاواپھوٹ پڑا، تو ان کو اس تحریک میں شمولیت کی وجہ سے گرفتار کر کے کٹھوعہ جیل پہنچایا گیا۔ اکتوبر 1965کو ان کو پھر گرفتار کیا گیا اور کئی سال جیل میں رہنے کے بعد رہا ہوگئے۔ شیخ عبداللہ کے دست راست ہونے کے باوجود، وہ میٹنگوں میں ان سے اختلاف رائے کا اظہار کرتے تھے۔ میٹنگوں سے واک آؤٹ کرنے کیلئے وہ مشہور ہو گئے تھے۔ یہ اختلافات اور شدید ہوگئے جب سقوط ڈھاکہ کے بعد شیخ محمد عبداللہ نے بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کے ساتھ بات چیت شروع کی۔ اس بات چیت کے بعد 1975میں ان کو رائے شماری کا نعرہ چھوڑنے کے عوض وزیر اعلی بنایا گیا۔ 1974کو انہوں نے دہلی میں شیخ عبداللہ کی کوٹلہ لین رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور ان کو سمجھانے کی کوشش کی کہ ان کا یہ قدم کشمیر قوم کو دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا۔ تما م طبقہ ہائے فکر میں ان کی مقبولیت کی وجہ سے 1986میں جب مسلم یونائیٹڈ فرنٹ کا قیام عمل میں آیا، تو اس کا کنوینر ان کو بنایا گیا۔ یہ فرنٹ جماعت اسلامی، میرواعظ جنوبی کشمیر قاضی نثار کی امت اسلامی اور متعدد دیگر تنظیموں پر مشتمل تھا ۔ 1987میں اس فرنٹ نے نیشنل کانفرنس۔ کانگریس اتحاد کے خلاف انتخابی میدان میں لڑنے کا فیصلہ کیا اور پارلیمانی بورڈکی قیادت سید علی گیلانی کے سپرد کی۔اپریل 1990کو ان کو بھی بد نام زمانہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے پہلے فوج کی 15 ویں کور کے ہیڈ کوارٹر بادامی باغ میں رکھا گیا۔ اس کے بعد جموں سینٹرل جیل، جودھ پور، تہاڑ جیل اور پھر اپریل 1991کو دیگر لیڈروں کے ساتھ تہاڑ جیل کے تحت دہلی کے نواح میں روز فارم میں قائم کیمپ جیل میں ا نکو بھی لایا گیا۔ ان لیڈروں کو اکھٹا کرنے کا مقصد شاید یہ تھا کہ زمام کار دوبارہ سیاسی لیڈروں کے ہاتھوں میں آکر اس انارکی پر کسی حد تک قابو پایا جائے۔ اس فارم ہائوس میں ان لیڈروں کے ایک ساتھ رہنے کی وجہ سے حریت کانفرنس کے ابتدائی خد و خال بنائے گئے۔ جولائی 1993کو جب 26پارٹیوں پر مشتمل اتحاد حریت کانفرنس باقاعدہ تشکیل دی گئی تو میرواعظ عمر فارق کو اس کا چیئرمین اور چار افراد کو اس کی اعلی فیصلہ ساز مجلس کا ممبر بنایا گیا، ان میں سید علی گیلانی، مولانا عباس انصاری، پروفیسر عبدالغنی بھٹ اور عبدالغنی لون شامل تھے۔بعد میں اس مجلس میں محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ کو بھی شامل کیا گیا۔ جولائی 2003کو ایک سخت چیلینجنگ وقت میں انصاری اتفاق رائے سے حریت کانفرنس کے چیئر مین بنائے گئے۔ مولانا انصاری کی سربراہی میں حریت کے قائدین میر واعظ عمر فاروق، پروفیسر عبدالغنی بھٹ، بلال غنی لون اور فضل الحق قریشی نے بھارت کے نائب وزیراعظم لال کشن ایڈوانی سے جنوری 2004اور پھر دوبارہ مارچ 2004کو ملاقاتیں کیں۔ اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے و زیر اعظم ہاؤس میں ان کی میزبانی کی۔ اس میٹنگ کے بعد جاری بیان میں بتایا گیا کہ حریت کے و فد نے جموں و کشمیر کے تمام خطوں اور تمام برادریوں کے تحفظات کا احاطہ کرنے کے لیے مذاکراتی عمل کو وسعت دینے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان کے صدر پرویز مشرف نے ان مذاکرات کو “بہت اچھی شروعات” قرار دیا۔ انہوں نے اپنے دور میں، سری نگر- مظفر آبا۔ راولپنڈی سڑک کو دوبارہ کھولنے کی وکالت کی تاکہ کشمیر کے دونوں حصوں کے لوگ اپنے رشتہ داروں سے مل سکیں اور 2005 کے زلزلے سے بچ جانے والوں کی مدد کر سکیں۔ جون 2005 میں انہوں نے اسی روڑ پر بس کے ذریعے سفر کرکے لائن آف کنٹرول عبور کرتے ہوئے پاکستان اور مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی۔ وہ غالبا واحد کشمیری لیڈر ہیں، جنہوں نے تہران میں ایرانی صدر محمد خاتمی سے ملاقات کی۔ دسمبر 1994کو جب پہلی بار حریت کے دو رکنی وفد نے مراکش کے شہر کانسہ بلانکا میں عالمی اسلامی تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی وہ اس وفد میں شامل تھے۔ مرحوم عبدالغنی لون کی معیت میں، میں انہیں ایئر پورٹ پر الوداع کرنے گیا تھا۔ اس کے بعد نومبر 2000میں بھی انہوں نے دوحہ قطر میں عالمی اسلامی تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی۔ وہ مزاج کے لحاظ سے ہنس مکھ، ملنسار اور حس مزاح کے حامل شخصیت کے مالک تھے۔ایک بار دہلی میں ایک سیمینار کے دوران جب ایک بھارتی حکومت کے مندوب نے کہا کشمیری بولنے والی سنی آبادی کا ایک قلیل حصہ ہی کشمیر میں شورش اور آزادی کی تحریک میں شامل ہے جبکہ دیگر آبادیاں شیعہ، گوجر، بکروال، کشمیری پنڈت، جموں کا ڈوگرہ اور دلت وغیرہ اس کے مخالف اور بھار ت کے ساتھ رہنے میں خوش ہیں تو انہوں نے برجستہ کہا کہ پھر نئی دہلی کی حکومتوں کو رائے شماری کا حق تسلیم کرکے ہمیشہ کیلئے اپنے حق میں فیصلہ کروانا چاہئے۔ قید میں ان کے ساتھ رہے افراد کا کہنا ہے کہ وہ اسیری کے خزاں میں بہار کا لطف پیدا کرتے تھے۔ مولانا انصاری اقبال کے اس شعر کی عملی تصویر تھے۔ یہی مقصود فطرت ہے، یہی رمز مسلمانی اخوت کی جہانگیری، محبت کی فروانی بتان رنگ و خون کو توڑ کر ملت میں گم ہو جا نہ تورانی رہے باقی، نہ ایرانی نہ افغانی

بشکریہ روزنامہ 92 نیوز