لانگ مارچ میں ٹرک سے گر کر جاں بحق حسن بلوچ کے اہلخانہ کی وزیر اعظم سے مدد کی اپیل


لاہور(صباح نیوز)لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران ٹرک سے گر کر زخمی اور بعد ازاں گزشتہ روز انتقال کرجانے والے 49سالہ پی ٹی آئی کارکن حسن بلوچ کی بیوی اور بیٹی نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے مدد کی اپیل کرددی۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ سے کہا ہے کہ وہ معاملہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نوٹس میں لائیں۔

حسن بلوچ کی بیٹی نے بتایاکہ ان کے والد عمران خان کے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے گئے تھے اور ٹرک پر سوار تھے اور لبرٹی چوک پر درخت سے ٹکرا کر نیچے گرے تاہم انہیں کسی نے بھی نہیں اٹھایا، سب لوگ میرے باپ کا تماشہ دیکھتے رہے اور کسی نے آکرہاتھ نہیں لگایا۔ جبکہ مرحوم کی بیوہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ ان کی مدد کی جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازشریف نے ٹوئٹر پر چلنے والی ویڈیو کو ری ٹیوٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ سے کہا ہے کہ وہ معاملہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نوٹس میں لائیں۔

مرحوم کی بیوہ اور بیٹی لاہور کے علاقہ اندرون لوہاری گیٹ میں کرائے کے مکان میں رہائش پزیر ہیں۔