پاکستان اور ترکیہ کی بے مثال دوستی آئے روز مضبوط ہو رہی ہے،پرویزالٰہی


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کی بے مثال دوستی آئے روز مضبوط ہو رہی ہے۔

ترکیہ کے ری پبلک ڈے پربیان میں کہا کہ پنجاب کے عوام اور حکومت کی طرف سے ترکیہ کے عوام اور حکومت کو ترکیہ کے ری پبلک ڈے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور ترکیہ میں دوستی اور محبت کا رشتہ ہے جو ابد تک رہے گا، ترکیہ کے ری پبلک ڈے پر اپنے بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ نے بے مثال ترقی کی، رجب طیب اردگان کی دور اندیش قیادت میں ترکیہ کی ہر شعبے میں تیز رفتار ترقی اقوام عالم کیلئے مثال ہے۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، پنجاب کے عوام حالیہ سیلاب میں ترکیہ کی مدد پر شکر گزار ہیں، ترکیہ کی جانب سے کشمیر پر پاکستان کے موقف کی سفارتی حمایت ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کا رابطہ تعلقات کی بنیادی طاقت ہے، ترک بھائی ہر مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، باہمی تعاون کی یہ وراثت تاریخ، عقیدے اور ثقافت کے مشترکہ رشتے میں جڑی گہری اور پرعزم دوستی کی عکاس ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کی بے مثال دوستی آئے روز مضبوط ہو رہی ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اورمحبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔