اسلام آباد(صباح نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم جاری کر دی، قرض سے زرمبادلہ کے ذخائر اور توازن ادائیگی میں بہتری ہوگی۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم جاری کر دی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس قرض سے زرمبادلہ کے ذخائر اور توازن ادائیگی میں بہتری ہوگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک، سماجی تحفظ اور انفراسٹرکچر کی تعمیر پرخرچ ہوگی، جب کہ کیش امداد حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 79 لاکھ سے بڑھ کر 90 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔اے ڈی بی کی جاری کردہ رقم اسکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی، اس رقم میں حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی صحت کا تحفظ پروگرام شامل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو اس وقت سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے اربوں روپے کی ضرورت ہے، دنیا کے متعدد ممالک نے پاکستان کو امدادی رقوم دینے کا اعلان کیا ہے۔21 اکتوبر کو سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کو ایک ارب 50 کروڑ ڈالر قرض دینے کا فیصلہ کیا تھا، اور پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان پیر کو قرض کے معاہدے پردستخط کیے گئے تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 20 لاکھ کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اے ڈی بی کی جانب سے 1.5 ارب ڈالر قرض کی منظوری پر اظہار تشکر کیا تھا۔
پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر مل گئے، اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایشین ڈ ویلپمنٹ بینک کی جانب سے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر مل گئے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے اکائونٹ میں جمع ہو گئے ہیں۔