صدر مملکت سے فرانس کیلئے نامزد سفیرعاصم افتخار احمد کی ملاقات، دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فرانس کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہآئی ٹی ، زراعت اور لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے ہوں گے،مشترکہ اقتصادی کمیشن دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے مفید ثابت ہوگا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت سے فرانس میں پاکستان کے نامزد سفیر عاصم افتخار احمد  نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی، صدر مملکت  نے  فرانس کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ 1.8 ارب ڈالر کا دوطرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کے مابین تجارتی امکانات کی نسبت بہت کم ہے ، صدر مملکت نے  تمام دوطرفہ فورمز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  آئی ٹی ، زراعت اور لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے ہوں گے ،صدر مملکت نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے امداد کے اعلان کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ نامزد سفیر مشترکہ اقتصادی کمیشن کے افتتاحی اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کے لیے فرانس کے ساتھ مل کر کام کریں ،مشترکہ اقتصادی کمیشن دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے مفید ثابت ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات مضبوط بنانے ، مزید فرانسیسی کمپنیوں اور سرمایہ کاری پاکستان راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ فرانس یورپ میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے ، دونوں ممالک کثیر الجہتی تعلقات کے حامل ہیں،  دونوں ممالک سیاسی، تجارتی اور اقتصادی، دفاع، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے۔

صدر مملکت نے فیشن ڈیزائن، اعلی ترین فیشن مصنوعات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں فرانس کے تجربے سے سیکھنے کی ضرورت پر زور بھی دیا۔ انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون تیز کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر رضا بشیر تارڑ نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے کوششوں کوتیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات میں اقتصادی و کاروباری تعلقات اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ صدر مملکت نے فیٹف میں جاپان کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نامزد سفیر پاکستان کے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی معطل کرنے کے فیصلے پر جاپان کی حکومت کا شکریہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2.56 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا) کے ترقیاتی تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ نامزد سفیر دوطرفہ تعلقات کو تعاون کی نئی اور اعلی سطح پر لے جانے کے لیے کوششیں کریں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جاپان میں آئی ٹی، انسانی وسائل ، آن لائن خدمات کی فراہمی اور جاپانی تعلیمی اداروں اور صنعت کے ساتھ تعاون کیلئے نئے راستے تلاش کیے جائیں۔صدر مملکت نے کہا کہ جاپان نے پاکستان کی ترقی کیلئے گرانقدر تعاون کیا ہے، تاریخ میں مجموعی طور پر تقریبا 13 ارب ڈالر کی امداد کے ساتھ جاپان پاکستان کا دوسرا بڑا شراکت دار ہے۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کو جاپانی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی دینے ، ٹیرف کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔