اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے صوبہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں شکست پر پارٹی رہنمائوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تاویلیں یکسر مسترد کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابی شکست پر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے حکومتی اور پارٹی عہدے الگ الگ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ نواز شریف کی وطن واپسی تک پاکستان میں ن لیگ کا عبوری سیٹ اپ بنانے پر بھی غور و خوص شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت عبوری سیٹ اپ کے سربراہ کو پارٹی معاملات اور دیگر اہم امور پر فیصلہ سازی کا مکمل اختیار ہو گا۔
تشکیل دیے جانے والے عبوری سیٹ اپ میں مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو کلیدی کردار دیا جائے گا، پارٹی کا عبوری سیٹ اپ نواز شریف کی وطن واپسی تک مکمل طور پر فعال و متحرک کردار ادا کرے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عبوری سیٹ اپ میں متحرک، فعال اور سخت موقف رکھنے والے رہنمائوں کو شامل کیا جائے گا، پارٹی قائد میاں نواز شریف آئندہ چند روز میں اس سلسلے میں پارٹی رہنمائوں سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد اعلان کریں گے۔